اردو
پارلیمنٹری اومبڈ برائے پبلک ایڈمنسٹریشن (عوام کے سرکاری معاملات کا نگران)
- پارلیمنٹری اومبڈ کا کام پبلک ایڈمنسٹریشن یعنی سرکاری انتظامیہ کے کاموں کی نگرانی کرنا ہے تاکہ افراد کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک نہ ہو۔
- اگر آپ کے خیال میں سرکاری انتظامیہ نے آپ کے ساتھ غیر منصفانہ سلوک کیا ہے یا آپ کے معاملے میں غلطی کی ہے تو آپ پارلیمنٹری اومبڈ سے شکایت کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر آپ کے خیال میں کسی دفتری فیصلے یا سرکاری فیصلے میں غلطی کی گئی ہو یا آپ کے کیس پر غلط طریقے سے کام کیا گیا ہو۔
- پارلیمنٹری اومبڈ سرکاری انتظامیہ سے الگ ایک نگران ہے جو آپ کی شکایت پر قانون کے مطابق اور کسی کے زیر اثر نہ ہوتے ہوئے غور کر سکتا ہے۔
- پارلیمنٹری اومبڈ سے شکایت کرنا مفت ہے۔
آپ کن صورتوں میں پارلیمنٹری اومبڈ سے شکایت کر سکتے ہیں؟
- جب سرکاری انتظامیہ (بلدیہ/کمیون، کاؤنٹی ایڈمنسٹریٹر یا ڈائریکٹوریٹ جیسے سرکاری حکام) نے آپ کے کیس میں حتمی فیصلہ کر دیا ہو تو آپ ہمارے پاس شکایت کر سکتے ہیں۔ پارلیمنٹری اومبڈ کو شکایت دینے سے پہلے ضروری ہے کہ آپ پہلے انتظامیہ سے شکایت کا حق استعمال کر چکے ہوں۔
- اگر آپ کی شکایت کا تعلق کیس پر کارروائی یا جواب نہ ملنے سے ہے تو آپ اس دوران بھی پارلیمنٹری اومبڈ سے شکایت کر سکتے ہیں جب ابھی آپ کے کیس پر کارروائی جاری ہو۔ یاد رکھیں، یہ ضروری ہے کہ پہلے آپ متعلقہ حکام کو جواب دینے کی یاد دہانی کرا چکے ہوں۔ یاد دہانی کا تحریری ہونا ضروری ہے اور پارلیمنٹری اومبڈ کو شکایت بھیجتے ہوئے آپ کو یہ تحریری یاد دہانی ساتھ بھیجنی ہو گی۔
- شکایت ایک سال کے اندر اندر کرنا ضروری ہے۔
کون پارلیمنٹری اومبڈ سے شکایت کر سکتا ہے؟
- سبھی لوگ شکایت کر سکتے ہیں۔
- آپ دوسروں کے معاملے میں بھی شکایت کر سکتے ہیں لیکن اس صورت میں آپ کو اس شخص کی طرف سے اتھارٹی کا ثبوت (ایک دستاویز جو آپ کو دوسروں کی نمائندگی میں قدم اٹھانے کی اجازت دیتی ہے) شکایت کے ساتھ لگانا ہو گا۔
آپ کن معاملات میں شکایت کر سکتے ہیں؟
- پلاننگ اور تعمیرات
- وظائف اور پنشن
- صحت اور نگہداشت کی خدمات
- سوشل مالی مدد اور تحفظ بچگان
- ملازمت پر بھرتی
- ٹیکس
- امیگریشن کیس
- معلومات لینے کا حق اور معلومات تک رسائی
- پولیس اور استغاثہ
- کاروبار اور انڈسٹری، زراعت اور رینڈیئر پالنا
- جیلیں
- دفاعی افواج
اس کے ساتھ ساتھ پارلیمنٹری اومبڈ کیسوں پر کارروائی میں تاخیر اور جواب نہ ملنے کی شکایات پر بھی کام کرتا ہے۔
آپ کن معاملات میں شکایت نہیں کر سکتے؟
- عدالتوں کے فیصلے
- وہ معاملات جن پر سٹورٹنگ (نارویجن پارلیمنٹ) نے کوئی مؤقف اختیار کیا ہو
- بادشاہ کے سٹیٹ کاؤنسل (برسر اقتدار حکومت کی میٹنگ) میں کیے ہوئے فیصلے
- نجی اختلافات
- میونسپل کاؤنسل یا کاؤنٹی کاؤنسل کے کیسوں کے فیصلے (کچھ استثناء موجود ہیں)
- وہ کیس جن پر EOS-utvalget (نارویجن پارلیمنٹری انٹیلیجنس اوور سائیٹ کمیٹی) میں شکایت کی جا سکتی ہے
شکایت کا طریقہ
- یہ ضروری ہے کہ آپ پہلے سرکاری انتظامیہ میں شکایت کے تمام مواقع استعمال کر چکے ہوں۔ اس حکومتی ادارے سے رابطہ کریں جس نے فیصلہ کیا ہو تاکہ آپ کو وہاں آپ کے معاملے میں مزید رہنمائی ملے۔
- پارلیمنٹری اومبڈ کا شکایت فارم استعمال کریں:
انگلش میں شکایت کا فارم: https://www.sivilombudet.no/en/klage-til-sivilombudet/
نارویجن میں شکایت کا فارم: https://www.sivilombudet.no/klage-til-sivilombudet/
- آپ کو نارویجن یا انگلش زبان میں شکایت کرنی چاہیے۔
- اٹیچمنٹس یاد رکھیں۔ شکایت کے اہم متعلقہ کاغذات ساتھ اٹیچ کریں۔
- آپ کے شکایت بھیجنے کے بعد آپ کو شکایت بھیجی جانے کی تصدیق ملے گی۔ پھر آپ کو تین ہفتوں کے اندر ہم سے جواب مل جائے گا۔
رابطہ تفصیلات
اگر آپ ٹھیک سے نہ جانتے ہوں کہ آیا پارلیمنٹری اومبڈ آپ کی شکایت پر کام کر سکتا ہے یا نہیں، یا شکایت کیسے لکھی جاتی ہے تو ہم سے رابطہ کریں۔ ہمارے استقبالیہ فون پر پارلیمنٹری اومبڈ کا نارویجن اور انگلش بولنے والا عملہ موجود ہوتا ہے۔
فون: 00 85 82 22 47+(پیر تا جمعہ، صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے)
گرین نمبر: 80080039
ای میل: postmottak@sivilombudet.no
ان عام سوالات کے لیے ای میل استعمال کرنی چاہیے جن میں ذاتی تفصیلات جیسی حسّاس معلومات نہ ہوں۔
اگر آپ ہمارا شکایت فارم استعمال نہیں کر سکتے تو تحریری اور دستخط شدہ شکایت مندرجہ ذیل پتے پر پوسٹ کر دیں:
خط لکھنے کا پتہ:
Sivilombudet
Postboks 3 Sentrum
0101 Oslo
دفتر کا پتہ:
Akersgata 8, Oslo
کیا آپ کو مزید معلومات کی ضرورت ہے؟
ہماری انگلش ویب سائیٹ بھی دیکھیں۔ یہاں آپ کو معلومات کے ساتھ ساتھ انگلش میں ایک اینیمیشن فلم بھی ملے گی۔